افغانستان: مسافر بس کے قریب دھماکہ، ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد شہید

نیوز ڈیسک (ریپبلکن) افغانستان میں ایک مسافر بس کے نزدیک سڑک کنارے نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 8 مسافر جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبے بغلان کے دارالحکومت کے قریب ایک مرکزی شاہراہ کے کنارے نصب بم اس وقت زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے ایک مسافر بس گزر رہی تھی۔

دھماکے سے بس میں سوار 4 بچے، 2 خواتین اور 2 مرد ہلاک ہوگئے جب کہ 6 افراد زخمی ہیں زخمیوں میں بھی 2 بچے شامل ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور تقریب میں شرکت کے بعد گھر واپس آرہے تھے۔

ترجمان گورنر بغلان کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ حملے کی ذمہ داری کسی شدت پسند گروہ نے تاحال قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بدخشاں میں افغان فوج کے قافلے پر طالبان جنگجوؤں کے حملے میں 9 اہلکار ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے تھے جب کی دیگر دو بم دھماکوں میں 19 شہری ہلاک ہوگئے تھے جن میں 9 بچے بھی شامل تھے۔

مزید خبریں اسی بارے میں

Back to top button
error: پوسٹ کو شیئر کریں