پی ایف یو جے انتخابات، شہزاد ذوالفقار صدرمنتخب

کراچی (ریپبلکن نیوز) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے دو سالہ مدت کے لئے نئی قیادت چن لی۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ بلوچستان کے امیدوار شہزادہ ذوالفقار صدر منتخب ہو گئے،

اسلام آباد کے ناصر زیدی سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات 2019ء کا انعقاد کراچی میں ہوا۔ انتخابات میں اگلے دو سال کی مدت کے لئے صدر، نائب صدور، سیکریٹری جنرل، اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل سمیت فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کے عہدوں پر حق رائے دہی استعمال کیا گیا۔ شہزادہ ذوالفقار بلا مقابلہ صدر منتخب ہوئے جبکہ ناصر زیدی 152 ووٹ حاصل کرکے سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے،

چاروں نائب صدور بھی بلا مقابلہ منتخب ہوئے جن میں پنجاب سے ملتان یونین آف جرنلسٹس (ایم یو جے) کے امیدوار رانا پرویز حمید، سندھ سے لالہ اسد پٹھان، کے پی کے سے بخت یوسفزئی اور بلوچستان کے سلیم شاہد شامل ہیں۔ محمد شاہد چوہدری، محمد عیسی، خالد کھوکھر اور حامد یاسین بھی بلا مقابلہ اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل منتخب ہوئے،

اس کے علاوہ ذوالفقار علی مہتو خزانچی منتخب ہوئے جبکہ پچیس رکنی فیڈرل ایگزیکٹو کے انتخاب کے تحت ملتان یونین آف جرنلسٹس (ایم یو جے) کے روف مان اور جاوید اقبال عمبر سمیت 25 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ واضح رہے کہ ملک بھر سے 13 جرنلسٹس یونین کے نمائندے کراچی پہنچے جبکہ دو سو مندوبین نے ووٹ کاسٹ کیے۔

اس سے قبل دو روز تک بائینیل ڈیلیگیٹ میٹنگ (بی ڈی ایم) کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں صحافیوں کو درپیش مسائل پر بحث کی گئی۔ بی ڈی ایم اور انتخابات کی میزبانی کراچی یونین آف جرنلسٹس نے کی۔ علاوہ ازیں ملتان یونین آف جرنلسٹس کے صدر ملک شہادت حسین، جنرل سیکرٹری شفقت بھٹہ اور دیگر عہدیداران نے پی ایف یو جے کی نومنتخب قیادت کو کامیابی پر مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ایم یوجے نے امید ظاہر کی ہے کہ پی ایف یوجے کی نئی قیادت صحافیوں کو درپیش مسائل کا سدباب کرے گی اور اس سفر میں اسے ایم یوجے کے تعاون کا بھی ساتھ رہے گا۔ 

مزید خبریں اسی بارے میں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: پوسٹ کو شیئر کریں